راولپنڈی، اسلام آباد،لاہور ،کراچی( نامہ نگار خصوصی،نامہ نگار، سٹاف رپورٹر،این این آئی) پیپلز پارٹی ،ن لیگ ،پاک سرزمین پارٹی ،لاہور، راولپنڈی، اسلام آبادکی تاجر، صنعتکاربرادری ،ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کومستردکردیا ہے ۔پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے ۔ سلیکٹڈ حکومت عوام پر مہنگائی کی کارپٹ بمباری کر رہی ہے ۔سید نیئرحسین بخاری نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں بار بار اضافہ عوام کُش اقدام ہے ۔ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر تو پٹرول 46 روپے لٹر کرنے کاکہتے تھے ؟ اب ہرلٹر پر لوٹ کا مال کس کی جیب میں جا رہا ہے ؟چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ غریب عوام پر پیٹرول بم گرا کر حکمران ظلم کے مرتکب ہورہے ہیں۔پاکستان ویلفیئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی اختر اعوان اوردیگر نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مہنگائی میں ہو شربا اضافہ ہو گا جو غریب عوام برداشت نہیں کر سکتے ، ٹرانسپورٹروں نے کہا کہ تیل قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیاگیاتو عید کے بعد احتجاجی تحریک کے علاوہ پہیہ جام ہڑتال کریں گے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی کا سونامی آئے گا ۔ حکومت عوام کی حالت پر رحم کرے اور تیل قیمتوں میں حالیہ مہینوں میں کئے گئے اضافے کو فی الفور واپس لے ۔لاہورکی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے حکومت کو الٹی میٹم دیا کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو ں گے ،سٹاف ڈیوٹی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری تنویر ،سینئر نائب صدر چوہدری فلک شیر اور جنرل سیکرٹری رضوان شاہ نے کہا کہ تیل قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے ،گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل طارق نبیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم کے مترادف ہے لہذا اضافہ فوری واپس لیا جائے ،انٹر سٹی نان اے ٹرانسپورٹر ایسو سی ایشن کے صدرحاجی خالد نے کہاہے کہ کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔عوامی رکشہ یونین پاکستان اور عوامی پاسبان کے عہدیداران نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے ۔قائم مقام چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن حافظ عمران حمیدنے بھی کہا کہ حکومت اضافہ فوری واپس لے ۔