اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے ملکی مجموعی ضروریات کوپورا کرنے کے لئے وقتی اور قلیل مدتی انتظامات کو ترجیح دینا اور اس ضمن میں جامع منصوبہ بندی کا فقدان دراصل ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں کارفرما عوامل ، موجودہ طریقہ کار اور اس حوالے سے ایک منظم اور جامع حکمت عملی اختیار کرکے قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اعظم نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے انتظامی سطح پر برتی جانے والی مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام کے ہر طبقے نے چکائی ہے ۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملکی ضروریات اور شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کی باہمی ہم آہنگی سے جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ ترسیل و متفرق اخراجات میں ممکنہ حد تک کمی لائی جا سکے اور عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجرائکے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ، اس مقصد کے لئے اعداد و شمار کو مرتب کرنا اہمیت کا حامل ہے ، مہذب معاشرے کی پہچان غریب افرا دکے رہن سہن سے ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا تھا اور ماضی میں پنجاب کے بجٹ کا بڑا حصہ صرف لاہور پر خرچ کیا گیا، کسی ایک علاقے پر فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہ جاتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا پاکستان میں غربت کا مقابلہ کرنا ہمارا مشن ہے ، جب کم لوگ امیر اور زیادہ غریب ہوں تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے کے پسماندہ علاقے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے اپنے ضلع میں پیسے لگانا شروع کئے تو شور مچایا گیا حالانکہ ڈی جی خان پسماندہ علاقہ ہے اور وہاں زیادہ پیسے خرچ ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی یا دوسرے اثرورسوخ کے بغیر ضروری اور میرٹ کی بنیاد پر بجٹ میں رقوم مختص کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان کے ذریعے معلوم ہوگا کہ کہاں فنڈز خرچ کرنے کی ضرورت ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم سے برطانیہ میں مقیم سائنسدانوں کے وفدنے ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔