لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب نے 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء کا پرومو جاری کردیا ہے ، پنجاب گیمز کا سلوگن ’’کھیلتا پنجاب، صحت مند پنجاب‘‘ ہے ، پرومو میں کھلاڑیوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ زندگی میں ہر چیز کا آغاز ایک خواب سے ہوتا ہے ، خواب جس کے لئے تم جی رہے ہو، خواب جو چاہت کو جنون میں بدل دے ، پرومو میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنے خوابوں کو تعبیر دینے کی ترغیب دی گئی ہے ، سپورٹس بورڈ پنجاب کے خوبصورت پرومو میں 72ویں پنجاب گیمز کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں اور پسماندہ علاقوں سے آنے والے کھلاڑیوں کو 72ویں پنجاب گیمز میں خوش آمدید کہا گیا ہے ، نوجوانوں کو پرجوش اور سنسنی خیز مقابلوں کیلئے بھی خود کو تیار رکھنے کا کہا گیا ہے ، پرومو میں معروف کھلاڑیوں کے ویڈیو کلپس بھی دکھائے ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔