لاہور (اپنے رپورٹر سے )کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن کی زیر صدارت سوہنا لاہور پروگرام کے تحت مین مارکیٹ پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی سی او ایم سی ایل شوکت علی، ایڈیشنل کمشنر امان انور قدوائی، چیف انجینئر ایل ڈی اے عبدالرزاق، سینئر لائآفیسر پی ایچ اے وقاص احمد، ڈائریکٹر آرکیالوجی مقصود احمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے سوہنا لاہور پروگرام کے تحت مین مارکیٹ گلبرگ کے راونڈ اباوٹ پر اوپن تھیٹر بنانے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپا مین مارکیٹ میں ٹریفک مینجمنٹ کا پلان ایک ہفتے میں تیار کرے ۔ بریفنگ کے مطابق اوپن تھیٹر کاتھری ڈی ماڈل تیار ہو چکا ہے ۔دریں اثنا کمشنر سے صدر پاکستان ناروے مسلم کمیونٹی یونین قمر چودھری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ادھر کمشنر سے لاہور چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز کے وفد شامل عہدیداران نے صدر میاں طارق مصباح کی سربراہی میں ملاقات کی۔ کمشنر نے کہا کہ لاہور چیمبر کے پیش کردہ امور و مسائل کو اعلی سطح کمیٹی کے ذریعے حل کیا جائیگا۔