اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے )احتساب عدالت اسلام آباد نے رینٹل پاور کے پیراں غائب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف وغیرہ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ آج تک کیلئے ملتوی کردیا۔ احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں شہبازشریف سمیت 13 ملزمان کیخلاف مزید کارروائی 6اگست تک ملتوی کر دی، عدالت میں گزشتہ روز ایک گواہ امیر حمزہ کا بیان قلمبند کیا گیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیا، احد چیمہ اور شاہد شفیق کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے ،شہباز شریف کی جگہ انکے معاون محمد نواز ایڈووکیٹ نے حاضری لگوائی۔احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے پنجاب یونیورسٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وائس چانسلرڈاکٹر مجاہد کامران کے شریک ملزم خان راس کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اورآئندہ سماعت بیس اگست پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے ۔ احتساب عدالت نے دو ارب روپے سے زائد کے پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن سکینڈل کیس میں ملزم محمد حفیظ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 جولائی تک توسیع کر دی۔