اسلام آباد ،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،صبا ح نیوز ) عسکری قیادت نے سیالکوٹ میں قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد پسندہ اور دہشت گرد عناصر کے لیے قطعی تحمل کا مظاہرہ نہیں کیاجائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران عالمی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران افواج کی تربیتی اور پیشہ وارانہ امور پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے کسی بھی خطرے سے بچاؤ کے لیے مسلح افواج کو ہر وقت چوکس رہنے کا حکم دیا۔کور کمانڈرز اجلاس کے دوران افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی مسلسل حمایت اور بروقت عالمی انسانی امداد نہ صرف دوست ملک کے امن اور خوشحالی بلکہ خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے ۔ آرمی چیف نے فوج میں جاری تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی پر منحصر مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار رہنا از حد ضروری ہے ۔