لاہور(سپورٹس رپورٹر)جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز میں مقابلے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے دن بھی بھرپور ٹریننگ کی۔ ساڑے چار گھنٹے پر مشتمل سیشن میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی خوب پریکٹس کی۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان ٹیم کا دوسرا ٹریننگ سیشن ساڑھے چار گھنٹے جاری رہا، جس میں کھلاڑیوں نے پہلے فزیکل ٹریننگ کی، پھر فیلڈنگ اور کیچنگ پریکٹس کا سیشن ہوا، سلپ میں تیز کیچز اور باؤنڈری پر اونچے کیچز لینے کی بھی خوب مشق کی گئی۔ایک گھنٹے بعد بیٹنگ اور بولنگ کی پریکٹس کی گئی، جس میں بیٹسمینوں کو مختلف اہداف دیئے گئے ۔اس موقع پر مصباح الحق، یونس خان اور محمد یوسف نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، بولرز کو ثقلین مشتاق اور وقار یونس نے ٹپس دیئے ۔پریکٹس کے بعد امپائر علیم ڈرا کی امامت میں ٹیم نے گراؤنڈ میں ہی نماز جمعہ ادا کیا۔