پرتھ (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا اے کے خلاف ٹور میچ میں پاکستان نے شاندار پرفارمنس دکھا کر آسٹریلیا کیخلاف خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ بیٹنگ کے بعد باؤلرز نے بھی حریف بیٹسمینوں کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کی آسٹریلیا اے کے خلاف ٹور میچ میں شاندار کارکردگی کے باعث میچ پاکستان کے ہاتھ میں آ گیا ہے ، اظہر علی الیون نے فتح کے دروازے پر دستک دیدی ہے ۔ پہلے دن قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے ۔ بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں داغیں تھیں، دوسرے روز قومی ٹیم نے جب اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق اور بابر اعظم ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے ، ٹی ٹونٹی کپتان نے 157 جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 119 رنز کی اننگز کھیلی۔دونوں کے ریٹائرڈ آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے ، افتخار احمد اور محمد رضوان 6.6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔اس دوران یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت شارٹس کھیلے ، ان کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی نے بھی خوب ساتھ نبھایا، لیگ سپنر نے 70 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی 54 گیندوں پر 25 سکور بنا کر چلتے بنے ۔عمران خان ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ قومی ٹیم نے 428 رنزبنا سکی۔ رچرڈسن3، نیسر، میری ڈتھ نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا اے کی پہلی اننگز ڈراؤنا خواب ثابت ہو سکی، کوئی بھی بیٹسمین ٹک کر بیٹنگ نہ کر سکا، گرین شرٹس نے طوفانی بولنگ اٹیک سے کینگروز کے طوطے اُڑا دیئے ۔کینگروز کی طرف سے ہیرس اور برنز نے اننگز کا آغاز کیا، عمران خان نے پہلے ہی اوور میں برنز کو شاندار گیند کر کے صفر پر بولڈ کر دیا، دوسرے اینڈ پر موجود ہیرس شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بن گئے ، بیٹسمین 22 گیندوں پر 16 رنز بنا کر بولڈ ہوئے ۔عثمان خواجہ کی اننگز 6 رنز تک محدود رہی، سپنر افتخار احمد نے ان کی وکٹ حاصل کی، ٹریوس ہیڈ بھی افتخار احمد کا نشانہ بنے انہوں نے 13 رنز کی باری کھیلی۔ ول فوکسیکی 5 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے ۔وکٹ کیپر بیٹسمین کیری صفر پر عمران خان سینئر کی گیند پر بولڈ ہو گئے ، نیسر کی اننگز دو رنز تک محدود رہی، انہیں بھی فاسٹ باؤلر عمران خان نے ٹھکانے لگایا، رچرڈسن صفر، ایبٹ2 رنز بنا کر لیگ سپنر یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے ۔بین کرافٹ 49 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر عابد علی کو کیچ دیدیا۔ انہوں نے کچھوے کی چال چلتے ہوئے 155 گیندوں کا سامنا کیا۔ کینگروز ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عمران خان نے 5 شکار کیے ، افتخار احمد اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں 2.2 جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔