لاہور(وقائع نگار،این این آئی) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں مگر اپوزیشن جماعتوں کا اپنا اپنا پیج ہے ،اپوزیشن پلان بناتی رہ جائے گی اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر لے گی۔علامہ آصف علوی کی قیادت میں علماء اکرام اور پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جیسا کوئی اور لیڈر نہیں جس پر 22کروڑ پاکستانی مکمل اعتماد کرتے ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے مکمل ہم ا ہنگی کے ساتھ ملک وقوم کیلئے کام ملکر کررہے ہیں اور ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کوروناابھی ختم نہیں ہواخطرہ موجودہے لاپرواہی نہیں احتیاط لازم ہے ۔ عید الاضحیٰ پرکورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے علما کو بھی اپنا کردا ر اداکر ناچاہیے ۔ احتیاط اورایس اوپیزپرعملدرآمدکرنے سے ہی کورونا کوشکست دی جاسکتی ہے ۔بعدازاں انہوں نے ایل او سی پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائر نگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔