لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی میں اب مزید تبدیلی ناگزیر ہے ۔قوم کاسمیٹک تبدیلی کی بجائے حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں ۔چند وزراء کی تبدیلی مسئلے کا حل نہیں ۔پی ٹی آئی حکومت کو مکافات عمل کا سامنا ہے ۔تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے ۔جب ترقی کا پہیہ الٹا گھومتا ہے تو حکومتوں کی الٹی گنتی شروع ہوجاتی ہے ۔ طلبہ مستقبل کی قیادت ہیں،خود کو تیار کرنے کیلئے انہیں لائبریریاں اور لیبارٹریاں آباد کرنا ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ذمہ داران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا حکومت اپنے خلاف احتجاج کے اعلان ہی سے حواس باختہ ہوگئی ہے ۔عوام کو سبزباغ دکھانے والوں کو دن میں تارے دکھائی دینے لگے ہیں ۔ سابقہ حکومتوں کے دور میں ناجائز کام کیلئے اور اب جائز کام کیلئے بھی رشوت دینا پڑتی ہے ۔ سراج الحق نے کہاپوری قوم بیدار اور کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔حکومت کا فرض تھا کشمیر کے مسئلہ پر قوم کو متحد کرتی ،کشمیر کی آزادی کا ایک روڈ میپ طے کرکے جہاد کا اعلان کرتی اور کشمیریوں کو بھارت کے خونیں پنجہ سے آزاد کرانے کیلئے آخری حد تک جاتی ۔ مگر حکومت نے اڑھائی ماہ میں ایک قدم آگے نہیں بڑھایا۔انہوں نے کہا حکومت مدارس میں ریفارمز کی باتیں کرتی ہے مگر مدارس میں پڑھنے والے لاکھوں طلبہ کو ایک پیسہ دینے کو تیار نہیں ۔تعلیمی بجٹ میں کمی سے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم سے محروم ہوگئے ہیں۔دریں اثناء جماعت اسلامی کا آزادی کشمیر مارچ آج ایبٹ آباد میں ہو گا،امیر جماعت اسلامی سراج الحق قیادت کریں گے اور آئندہ کے شیڈول کا اعلان کریں گے ۔