کوئٹہ ،راولپنڈی،لاہور (92 نیوزرپورٹ، جنرل رپورٹر ) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں پاک فوج کے کیپٹن اور سپاہی شہید ہو گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے پسنی کے خدا بخش بازار میں دیسی ساختہ بارودی مواد سے دھماکہ کیا، کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان نے جام شہادت نوش کیا، دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن انٹیلی ایجنسیوں کی پشت پناہی سے دہشتگرد عناصر کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ، بلوچستان میں مشکل سے حاصل کردہ امن تباہ نہیں ہونے دیں گے ،سکیورٹی فورسز دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔کیپٹن عفان مسعود پنجاب یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار اور شعبہ باٹنی کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر راس مسعود کے چھوٹے صاحبزادے اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق خزانہ دار رائو شریف کے داماد تھے ۔ ان کی نمازہ جنازہ ایوب سٹیڈیم لاہور کینٹ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ مرحوم پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل انجئینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے گریجوایٹتھے اور ان کا تعلق 135 لانگ کورس سے تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ دونوں کی شہادت پر بے حد دکھ ہے ،دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔