بلوچستان کے علاقے پسنی میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملہ میں پاک فوج کے کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ کا نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دو روز قبل بھی دہشت گردوں کے حملہ میں ایک کیپٹن اور سپاہی شہید ہو گئے تھے جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے قریب چینی بس حادثہ کا شکار ہو چکی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق اس واقعہ کی ابتدائی تفتیش کے دوران بارودی مواد کے شواہد ملے ہیں۔یہ تمام واقعات اس امر کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ افغانستان میں ہونے والی تبدیلیوں کی آڑ میں دہشت گرد گروپ علاقے میں پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں اور علاقائی امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ دہشت گرد پاکستان اور سی پیک دشمن ممالک کی مدد سے بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ر واں سال کے اوائل میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی دیکھنے میں آئی تھی لیکن دہشت گردی کے تواتر سے ہونے والے تازہ واقعات تشویشناک ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ متاثرہ علاقوں خصوصاً بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرچ آپریشن کو مزید تیز اور گشت میں اضافہ کیا جائے اورسی پیک منصوبے کے لیے بنائے گئے حفاظتی بریگیڈ کو بھی فعال بنایا جائے تا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر خطے میں امن و امان کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے۔