پشاور(ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں ایک بار فلاپ ہونے والا ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ،صوبے کے دور دراز علاقوں میں قائم مراکز صحت میں ماہر ڈاکٹرز کی کمی کے باعث حکومت نے ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ شروع کیا جس کے تحت آن لائن مریضوں کا علاج معالجہ کیا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق ساڑھے 9 کروڑ کی لاگت سے شروع ہونے والے منصوبے پر ابھی تک 7کروڑ سے زائد روپے خرچ ہونے کے باوجود منصوبے کو صرف 4ماہ ہی چلایا جاسکا اوراس کے بعد یہ منصوبہ غیر فعال ہو گیا۔ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ 2017میں شروع کیا گیا جو صرف 4ماہ چلنے کے بعد غیر فعال ہو گیا تھا۔