پشاور (سٹاف رپورٹر؍ 92 نیوزرپورٹ) خیبر پختونخوا سے 92 نیوز کے سینئر رپورٹر فخر الدین سید کورونا سے شہید ہوگئے ۔فخرالدین سیدکوگزشتہ دنوں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے علاج کے لئے داخل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے ۔مرحوم کی کی نماز جنازہ گلبہار میں ادا کی گئی جبکہ تدفین ان کے آبائی قبرستان شیخ حبیب بابا میں کی گئی، نماز جنازہ میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر، ایس ایس پی آپریشنز ظہوربابر آفریدی و دیگر نے شرکت کی۔فخرالدین سیدنے سوگواران میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔فخرالدین سید کا شمار پشاور کے سینئر اور منجھے ہوئے صحافیوں میں ہوتاتھا،پشاور میں پیدا ہونے والے فخرالدین کا بنیادی تعلق ضلع خیبر سے تھا ، انہوں نے اس سے قبل قومی اخبارات روزنامہ جہاد، روزنامہ پاکستان، آج نیوز ٹی وی ،کیپیٹل ٹی وی اور ڈان نیوز کے ساتھ بھی کام کیا، مرحوم کیپٹل نیوز پشاور کے بیورو چیف بھی رہے ،6 فروری 2015 کو 92 نیوز کے ساتھ اس وقت وابستہ ہوئے جب 92نیوز کی لانچنگ ہوئی۔گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ،وزیر اعلیٰ محمود خان ، آئی جی پی پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان و دیگر نے فخر الدین سید کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔علاوہ ازیں خیبرپختونخواحکومت نے مرحوم کے اہلخانہ کیلئے 10لاکھ روپے امدادکااعلان کیا ہے ۔ ترجمان خیبرپختونخواحکومت اجمل وزیرنے فخرالدین سیدکوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ فخرالدین سید نے دہشتگردی ،کرائم کی بہترین کوریج میں مثال قائم کی۔ فخرالدین سید کورونا سے جان کی بازی ہار نے والے خیبر پختونخوا کے پہلے صحافی ہیں۔فخر الدین سید پشاور پریس کلب ،خیبر یونین آف جرنلسٹ اور فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے کئی عہدوں پر فائز رہے ۔92نیوز انتظامیہ اور پوری ٹیم فخرالدین سید کی شہادت پرغمزدہ اور افسردہ ہے ۔