پشاور(سٹاف رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے جج کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پروزیراعظم اور وفاقی وزرا کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیئے ۔ پشاورہائیکورٹ کے جسٹس لعل جان اور جسٹس اعجاز انور نے درخواست کی سماعت کی ۔وکیل درخواست گزار عزیز الدین کاکا خیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا پرویز مشرف کیس میں خصوصی عدالت کے جج جسٹس وقار احمد سیٹھ کیخلاف بیانات دیے گئے ۔ وزیراعظم ، وفاقی وزرا اور سابق اٹارنی جنرل توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ۔ پشاور ہائیکورٹ نے فروغ نسیم ، فواد چودھری ، شہزاد اکبر، فردوس عاشق اعوان اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور کو نوٹس جاری کردیئے اور فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ۔ عزیزالدین کاکا خیل ایڈووکیٹ کی جانب سے عدالت میں رٹ دائر کی گئی تھی۔