پشاور(سٹاف رپورٹر،92نیوز) پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، گرفتار خاتون پرائما کارڈ لگے بارودی مواد کو لاہور منتقل کرنا چاہتی تھی، گرفتار ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے مزید چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ، بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے جنرل بس سٹینڈ کے قریب ایک مشکوک خاتون کو روک کر تلاشی لینے پر اس کے قبضہ سے بارودی مواد برآمد کر لیا، گرفتار خاتون نے ابتدائی تفتیش کے دوران برآمد کیا گیا مواد لاہور لے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شریک ساتھیوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کئے جس پر خصوصی ٹیم نے خاتون کے چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا ،تمام گرفتارملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے جنہوں نے تفتیش کے دوران بتایا کہ بارودی مواد کے ذریعے پشاور میں فول پروف سکیورٹی کی بنا پر بارودی مواد لاہور منتقل کرنا اور کسی عوامی جگہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔ ملزموں کو مزید تفتیش کے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا۔جنوبی وزیرستان کے گائوں بی بی رغزئی میں خفیہ اطلاع پر فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 10دستی بم ،2مارٹر فیوز،2کلو بارودی مواد ،37ڈیٹونیٹرز،82ایم یم کے 7رائونڈز ،ایک بارہ بور پستول،ایچ ایم جی کے 4380راونڈ ،75ایم ایم کے 7رائونڈ اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کرلئے ۔اسی طرح انگور اڈا میں کارروائی کے دوران آر پی جی کے 13رائونڈ برآمد کئے گئے ۔