پشاور، فقیر والی، شاہ کوٹ (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ 92 نیوز )پشاور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل نیازمین شاہ کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزمان پشاور صدر کے مصروف بازار نوتھیہ میں پولیس چوکی کے سامنے فائرنگ کر نے کے بعد فرار ہوگئے ،مقتول کے لواحقین نے مشتعل ہوکر ملزمان کے گھر پر دھاوا بول دیا اورتوڑ پھوڑ کے بعد مکان کو نذرآتش کردیا، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا ، پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے نیازمین شاہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے خیبر پی کے میں ہڑتال کا اعلان کردیا ، نیازمین شاہ رکشہ میں سوار تھے ، سابق دشمنی کی بناپر مخالفین نے بھرے بازار میں فائرنگ کردی ، متعدد گولیاں لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، لواحقین نے کوٹلہ محسن خان میں واقع مبینہ ملزمان کے گھر پر دھاوا بول دیا اور وہاں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد مکان کو نذر آتش کردیا، بار ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ہڑتال کے دوران آج وکلاعدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ، ورثاکی جانب سے 4افراد کو نامزد کیا گیا جن میں ظفیر گل،رحیم شاہ ،عادل اور شیر دل شامل ہیں۔ شاہ کوٹ کے نواحی گاؤں کٹیانوالی میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر خاوند نے مبینہ طور پرنوبیاہتادلہن کو زہر دے کر مار ڈالا اور فرار ہو گیا ، 22سالہ رضیہ کی شادی کچھ ماہ قبل فیاض سے ہوئی، رضیہ گھر میں کام کر رہی تھی کہ فیاض نے بھائی افتخار اور بھاوج سمیرا کے ساتھ مل کر اسکو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر زہر دے دیا، رضیہ کے بھائی اسے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور پھر الائیڈ ہسپتال لے گئے جہاں 10 گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد رضیہ دم توڑ گئی، مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فقیر والی کے نواحی گاؤں کے چک نمبر 120سیکس آر میں نامعلوم خاتون کو قتل کر کے لاش جھاڑ یوں میں پھینک دی گئی ، گاؤں کے نمبردار محمد عاقل نے تھانہ فقیر والی کو اطلاع دی گاؤں کے قر یب پختہ سڑک پر جھاڑیوں میں نامعلوم عورت کی لاش پڑی ہے ، پولیس نے 40 سال کے لگ بھگ خاتون کی لاش قبضہ میں لے لی، پولیس کے مطابق خاتون کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا، مقدمہ درج کرلیا گیا۔