پشاور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور کے علاقہ یکہ توت میں اے این پی کے انتخابی جلسہ پر خودکش حملہ کے نتیجہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی امیدوار ہارون بلور سمیت14افراد شہید جبکہ 65 زخمی ہوگئے ۔گزشتہ روز ہارون بلور اپنے حلقہ پی کے 78 میں انتخابی جلسہ کررہے تھے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، جیسے ہی ہارون بلورسٹیج پر آئے تو آتش بازی کی گئی جسکے دوران حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیاجس میں ہارون بلور شدید زخمی ہوئے اورانہیں فوری طور پرلیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔بلور فیملی نے ہارون بلورکی شہادت کی تصدیق کردی ہے جبکہ ہارون بلور کے صاحبزادے 16 سالہ دانیال بلورمعجزانہ طور پرمحفوظ رہے ،ہارون بلور کے والد بشیر بلو ر کو بھی 2012 ء میں خود کش حملہ میں نشانہ بنایاگیا تھا،اسکے بعد سے ہی انکوکافی سکیورٹی دی گئی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق زخمیوں میں سے متعدد کی حالت انتہائی تشویشنا ک ہے ۔ دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ادارے پہنچ گئے ، تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے فوری علاقہ کوگھیرے میں لے لیا، پشاور کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔پاک فوج سمیت دیگر سکیورٹی اہلکاروں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا کنٹرول سنبھال لیا ۔شہید افراد میں شعیب، اختر گل، محمد نسیم، حذیفہ، نعیم جان، عابد اﷲ، محمد گل، آصف خان، ٰیسین ، عارف، عثمان بھی شامل ہیں۔سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا کہنا ہے کے خود کش حملہ میں 8 سے 10 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔نگران وزیراعظم ناصرالملک،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو،آصف علی زرداری، امیرجماعت اسلامی سراج الحق،سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمٰن ،گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا، نواز شریف ، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اوردیگر قومی وسیاسی قیادت نے پشاور میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ہارون بلور سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے ۔ نگران وزیراعظم ناصرالملک کہا کہ نہتے انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کسی طور انسان کہلانے کے مستحق نہیں،سیاسی اختلافات کتنے ہی شدید کیوں نہ ہوں گردنیں مارنے کی کوئی گنجائش نہیں، واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ عمران خان نے کہا صوبائی حکومت زخمیوں کے علاج معالجہ کیلئے بہترین انتظام کرے ،متاثرین کے لواحقین سے دلی ہمدری اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ادھر چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے بھی ہارون بلور پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس حملہ کو سیکورٹی اداروں کی کمزوری اور شفاف الیکشن کے خلاف سازش قرار دیا ہے ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا راستہ راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،دہشتگرد کل بھی ناکام ہوئے تھے آئندہ بھی ہونگے ۔