پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے منفی سرگرمیوں میں مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے قانون تیارکرلیاہے ،مجوزہ بل کے تحت خیراتی ادارے ، صدقات اور چندہ اکھٹاکرنے کو قانون کے دائر کار میں لایا جائے گا، قانون کے تحت خیراتی اداروں پرنظر رکھنے کے لئے کمیشن قائم کیا جائے گا، خیبرپختونخوا چیرٹیزایکٹ منظوری کیلئے آئندہ اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا، صوبے میں منی لانڈرنگ، غیر قانونی طریقہ سے خیرات،صدقات اورچندہ کرنے پرچھ ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی تجویز دی گئی ۔ اس حوالے سے ایک ایکٹ کابینہ میں پیش کیا گیا ہے ، مجوزہ بل کے مطابق ایکٹ کے تحت بنائے جانے والے کمیشن کوکسی بھی صورت میں خیراتی اداروں کے خلاف انکوائری کا حق حاصل ہوگا،کمیشن کے پاس خیراتی اداروں کے آڈٹ کااختیارہوگا، اسی طرح صوبائی سطح پرخیرات اورصدقات اکھٹا کرنے کے لئے کمیشن کی اجازت لازمی ہوگی،تحصیل اوراضلاع کی سطح پرخیراتی ادارے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینے کے پابند ہونگے ،اس بل کو خیبرپختونخوا چیرٹی ایکٹ کا نام دیا گیا ہے ۔