پشاور(سٹاف رپورٹر) پشاور میں روکے جانے پرایک شہری نے ٹریفک وارڈ ن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ،غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو گاڑی چڑھادی۔آئی جی پولیس نے ٹریفک اہلکار پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور کو قانونی کارروائی کا حکم دیدیا ہے ۔ ٹریفک سب انسپکٹر عبدالغفور نے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور پریس کلب روڈپ ریا ض علی کو ٹریفک رش کے باعث 2منٹ رکنے کا کہا جس پر وہ طیش میں آگیا اورگاڑی سے اتر کر لاتوں اور مکوں کی بارش کر دی اورگاڑی بھی چڑھا ئی اور خودکو وکیل ظاہرکیا۔واقعہ کے دوران قریب کھڑے دیگرشہریوں نے موبائل سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ شہر ی کی گاڑی کی نمبر پلٹ پربھی ایڈووکیٹ ہا ئیکورٹ لکھا ہوا تھا۔ تاہم بعدازاں ملزم ریاض گورنمنٹ ڈگری کالج اکبر پورہ کا اسسٹنٹ پروفیسرنکلا۔پولیس نے ملزم کیخلاف جعل سازی اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرلیا ، بعد میں پولیس نے اسے گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ۔