پشاور(نیٹ نیوز)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پشاور سے عام انتخابات میں حصہ لینے والے سکھ امیدوار دھمکیوں اور قاتلانہ حملوں کے بعد پشاور سے انتہائی کسمپرسی کی حالت میں نقل مکانی کرکے لاہور منتقل ہوچکے ہیں۔ رادیش سنگھ مشہور سیاسی و سماجی رہنما ہیں جو سکھ برادری کے علاوہ پشاور بھر میں جانے پہچانے جاتے ہیں ۔رادیش سنگھ عرف ٹونی بھائی نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ انتخابات کے دوران مجھے دھمکی آمیز کال موصول ہوئیں جن کی باقاعدہ پشاور کے مقامی تھانہ میں شکایت درج کروائی گئی تھی۔ میں بلدیاتی انتخابات میں کونسلر منتخب ہوا تھا اور مجھے اکثریتی مسلم ووٹ ملے تھے ، میں نے عوام کی بھرپور خدمت کی، میں پرجوش تھا کہ عام انتخابات میں لوگ مجھے خدمت کی بنیاد پر ووٹ دیں گے لیکن ایسا تو نہ ہو سکا تاہم مجھے اپنا گھر بار چھوڑ کر لاہور میں پناہ حاصل کرنا پڑی۔ میرے پاس ایک 87 ماڈل کی کار تھی جو 55 ہزار میں بیچنا پڑی۔ تین ماہ کا کرایہ نہ دینے پر کے سامان پر پلازہ مالک قابض ہوگیا،بس ہم نے جان بچا کر لاہور میں پناہ حاصل کر لی۔ میرے تین بیٹوں کی تعلیم ادھوری رہ گئی ہے وہ مختلف دکانوں پر سیلزمین کی ملازمت کرتے ہیں۔