پشاور(خبرنگار) پشاور میں خواجہ سرائوں کو ایک ہی جگہ منتقل کرنے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، فقیر آباد ، دلہ زاک روڈ ، گلبہار ، ہشتنگری ، تہکال سمیت شہر کے مختلف مقامات پرخواجہ سرا رہائش پذیر ہیں۔ خواجہ سرائوں پر ہونے والے حملوں ، ان سے ایچ آئی وی اور ایڈز کے ٹیسٹ کرانے کے لئے انہیں ایک ہی مقام پر منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ایک ہی مقام پر ان کی موجودگی ان کے اعداد و شمار اکھٹا کرنے ، انہیں شناختی کارڈ کی فراہمی وغیرہ کے حوالے سے بھی معلومات بروقت دستیاب ہو گی۔ خواجہ سرائوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی بھی دوسرے مرحلے میں کی جائیگی ،صوبے کے مختلف اضلاع اور پنجاب سے آنے والے خواجہ سرائوں کے لئے ایک ہی محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کیلئے شہر کے مختلف مقامات کا سروے شروع کر دیا گیا ہے ۔