پشاور،لاہور(92 نیوزرپورٹ،اپنے سٹاف رپورٹر سے )پشاورمیں نانبائیوں نے ہڑتال کرکے روٹی مہنگی کرنے کی بات منوالی،لاہورمیں بھی پیرسے روٹی 15اورنان 20روپے کا کرنے کا اعلان کردیاگیا، فلور ملز نے بھی آٹا7روپے 20پیسے فی کلومہنگاکرنے کی بات کرکے عوام پر بجلی گرادی،کراچی میں دودھ کے نرخ بڑھانے کا فیصلہ 17جولائی تک ٹل گیا،لاہور میں متحدہ نان روٹی ایسویسی ایشن نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا،پیر تک حکومت کی جانب سے ریلیف نہ ملنے پر روٹی 15روپے جبکہ نان20روپے کرنے کا اعلان کر دیا۔کریک ڈاؤن کی صورت میں پنجاب بھر کے تندور بند کرنے کے بھی دھمکی دے دی۔اس حوالے سے متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتا ب اسلم گل نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ آٹے ،میدہ ،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یہ کسی بھی صورت ممکن نہیں کہ پرانے والی قیمتوں پر نان اور روٹی کی فروخت کی جاسکے ۔ رمضان المبارک میں79کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800روپے ،فائن میدہ84کلو 3500 روپے تھی لیکن عید پر ہی ریٹ بڑھ کر آٹے کی قیمت 3200جبکہ فائن کی قیمت 4000روپے ہوگئی تاہم اس کے باوجود بھی پرانی قیمتوں پر فروخت جاری رکھی اب جبکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ بھی سن رہے ہیں کہ آٹے پر جی ایس ٹی لگ رہا ہے جس سے فی بوری 500سے 600روپے مزید اضافہ ہو گا، دوسری جانب سے مہنگائی میں اضافہ ہے دوکان کا رینٹ دینا ہوتا ہے لیبرکو ادائیگیاں ہیں ایسے حالات میں مجبور ہیں کہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کریں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سوموار کو انتظامیہ سے مذاکرات ہیں اگر ہمیں گیس آٹے کی قیمتوں کی مد میں ریلیف ملتا ہے تو یہ اضافہ نہیں کیا جائے گا وگرنہ ہم مجبور ہوں گے کہ روٹی 15اورنان20روپے میں فروخت کریں اور اگر انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا یا زبردستی پرانی قیمتوں پر فروخت کرنے پر مجبور کیا گیا تو ہم ہڑتال پر چلے جائیں گے اور پنجاب بھر کے تندور بند کر دیں گے ۔