ملتان (اے پی پی) پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی ۔16دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے اے پی ایس میں خون کی ہولی کھیلی اور طلبا، اساتذہ اور عملے کے ارکان پر اندھادھند فائرنگ کی۔اس حملے میں بچوں سمیت 147افراد شہید ہوگئے تھے ۔اس المناک واقعہ نے پوری دنیا کوہلا کر رکھ دیا اوراس کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تیزی آئی۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور اداروں نے متحد ہو کر حصہ لیا ۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے نے ہمارے قومی بیانیے کوتبدیل کردیا۔دہشت گردوں نے ہمارے مستقبل پر حملہ کیا اور یہ جنگ آج بھی جاری ہے ۔