پشاور(سٹاف رپورٹر،آئی این پی ) پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ پشاور ایئربیس پر کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں دو پائلٹ شہید ہوگئے ۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز حادثہ کا شکار ہونے والا ایف ٹی سیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔ واقعہ کے بعد ایئربیس پر ایمرجنسی نافذ کر کے ریسکیو آپریشن کیا گیا،تاہم دونوں پائلٹ ونگ کمانڈر عمر اور فلائٹ آفیسر اسرار جام شہادت نوش کرگئے ۔ حادثہ کی وجوہات جاننے کیلئے پاک فضائیہ کے ایئر ہیڈ کوارٹر زمیں بورڈ آف انکوائری تشکیل دیدیا گیا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق ٹیک آف کے بعد جیسے ہی جہاز تھوڑی سی بلندی پر گیا تو اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ پائلٹس نے قریبی آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز کارخ موڑا ۔ کریش لینڈنگ پر طیارہ میں آگ لگ گئی اور زوردار دھماکے کی آواز بھی سنائی دی۔ادھر باچا خان ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد اندرون اور بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کے رشتہ داروں کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جسکے باعث مسافروں میں بھی شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم بعدازاں ایئر لائن حکام کی جانب سے اعلانات کے بعد مسافروں نے سکھ کا سانس لیا۔