اوکاڑہ ،کوہاٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز ) پشاور سے بنوں جانیوالی کوچ حادثہ کا شکارہوگئی جس سے میاں بیوی سمیت 4مسافر جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے ادھر اوکاڑہ میں ٹرک نے فیکٹری کے باہر سوئے محنت کش کو کچل کرمارڈالا۔تفصیل کے مطابق کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریبپشاور سے بنوں جانیوالی مسافر فلائنگ کوچ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب واقع خیبر ہوٹل کے سامنے مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئی ، اس دوران موٹر کار بھی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہونیوالی ٹرک اور کوچ سے ٹکرا گئی ۔ حادثے کے دوران مسافر کوچ میں سوار بنوں کے رہائشی میاں بیوی حمید اﷲ ولد مشرف خان اوراسکی بیوی گل بسیم زارہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں زخمی دیگر دو مسافر جنکی تاحال شناخت نہ ہوسکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9مسافرسجاد، کامران،بلال،سردراز،زکیم حسین، رزاق شاہ،کرامت ،سید نویداور انورزخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھر دیپالپو اوکاڑہ روڈ پر واقع ماربل فیکٹری میں مزدوری کر نے والا محنت کش ریاض ولد عبدالعزیز فیکٹری کے باہر سویاہوا تھاکہ گزشتہ شب تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر سٹرک کنارے سوئے ہوئے مزدور پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔مرنے والا مزدور قریشی والا ضلع لودھراں سے محنت مزدوری کی خاطر ماربل فیکٹری میں کام کی غرض سے آیا ہواتھا۔