پشاور ، کوٹلی لوہاراں، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ( این این آئی، نمائندہ 92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹرز) پشاور میں پہاڑی پورہ کے علاقے میں ولیمہ کی تقریب میں خواتین کی ویڈیو بنانے پردولہا کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا، پشاور کے علاقے تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود چغلپورہ میں عابد ولد ریاض نامی شخص کو رشتے داروں نے ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، ملزمان کی شناخت شہزاد، شبیر اور شاہ فہد کے نام سے ہوئی جن میںسے ایک مقتول کا بہنوئی ہے ، مقتول کے اہل خانہ کے مطابق شادی کی تقریب میں خواتین کی ویڈیو اور تصاویر بنانے پر جھگڑا ہوا تھا، سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں کے علاقہ کھروٹہ سیداں میں معمولی تنازعہ پر طالبعلم کو قتل کر دیاگیا، سید عمار حیدر کو محلہ کے دو لڑکوں ذوہیب اور مسلم نے گولیاں مار کر قتل کر دیا، پولیس نے مسلم عرف منا کو گرفتار کر لیا ، ذوہیب عرف ڈان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاقہ میں سوگ کی فضا رہی ، علاقے کی سیاسی سماجی اور سول سوسائٹی نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ سیالکوٹ میں نامعلوم افراد نے گھر میں سوئے ہوئے شخص کو قتل کردیا،تھانہ سول لائن کے علاقہ پریم نگر محلہ اسلامیہ پارک میں 35 سالہ عرفان کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا، ملزمان فرار ہوگئے ۔ گوجرانوالہ میں گھریلو جھگڑے پر خاوند نے تیز دھار آلہ سے تین بچوں کی ماں کا گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا ، مقدمہ درج کرلیا گیا، جھنگی کے افضل اور اسکی بیوی عدیلہ کے مابین جھگڑا رہنا معمول تھا ، تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوا تو رات گئے ملزم نے کمرے میں سوئی ہوئی عدیلہ کی شہ رگ کاٹ دی۔