پشاور(سٹاف رپورٹر)ایف آئی اے پشاور نے بے نامی اکائونٹس سے 9ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کے الزام میں فضیل خان نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے ، ملزم کے مختلف بینکوں میں 35 اکائونٹس ہیں جن کے ذریعے اب تک 9 ارب روپے کی ٹرانزیکشن ہوچکی ہیں، ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل حکام کے مطابق گزشتہ روز پشاور کے مال روڈ پر ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے اہم دستاویزات برآمد کرکے حاجی خان آفریدی المعروف وڑوکے حاجی کے صاحبزادے فضیل خان کو گرفتار کرلیا ہے ،حکام نے بتایا کہ فضیل خان کے پاکستان کے مختلف بینکوں میں 35 اکائونٹس ہیں جو اُس نے اپنے منشیوں کے نام سے کھلوائے تھے جن کے ذریعے اب تک 9 ارب روپے کی ٹرانزیکشن ہوچکی ہیں،ملزم فضیل خان پر الزام ہے کہ وہ پاکستان میں غیر ملکی کرنسی کا سب سے بڑا ڈیلر ہے جبکہ دبئی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنی رقم فضیل خان کے ملازمین کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے پاکستان بھیجتے تھے ،حکام نے بتایا کہ ملزم فضیل خان کے اکائونٹس کے تانے بانے کراچی سے ملنے والے بے نامی اکائونٹس سے ملتے ہیں اور اِس کے اکائونٹس سے جن جن کو رقم بھیجی گئی ہے اس کا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے ،اب مزید گرفتاریاں متوقع ہیں،ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔