پشاور(سٹاف رپورٹر) پشاورضلعی انتظامیہ کی جانب سے روٹی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا ، نانبائیوں کی جانب سے نان12 روپے کرنے کے مطالبے پر ضلعی انتطامیہ نے نان کی قیمت 15 روپے مقرر کر دی جبکہ صبح کے ناشتے میں روغنی اور تندوری پراٹھے کا نرخ 20روپے مقرر کردیا، پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس بلائے بغیر کم وزن روٹی کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا ، انجمن نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال سے پہلے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات میں نان کی 12روپے قیمت کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن انتظامیہ نے عجلت میں الٹی قلابازی کھاتے ہوئے خشک روٹی کے وزن پر 3روپے زیادہ ریٹ دیدیا اور نرخ 15روپے مقرر کردیا۔گزشتہ دور حکومت میں پیڑے کے نرخ بڑھائے گئے تھے ، اس بار خشک روٹی کا وزن دیا گیاہے ۔