اسلام آباد (وقائع نگار) سول ایوی ایشن نے ائیرلائن آپریٹرز کو سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا اور کہا ہے کہ نئی ائیرلائنز 6 اندرون ملک پروازوں کے بعدعالمی پروازیں شروع کرسکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ہوابازی کی صنعت کیلئے سول ایوی ایشن نے اقدام اٹھاتے ہوئے ائیرلائن آپریٹرز کوسہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایئرلائن آپریٹرز کیلئے تجاویزتیار کر لیں۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ نئی ائیرلائنز 6 ماہ اندرون ملک پروازوں کے بعدعالمی پروازیں شروع کرسکیں گی۔ ائیرلائن کی 6 ماہ کی کارکردگی ،ریگولیٹری، پنکچولیٹی سے مشروط ہوگی تاہم سوشل اکنامک روٹس پرفضائی کمپنی کو5 فیصد فلائٹ آپریشن لازمی قرار دیا گیا ہے ، سکھر،بہاولپورودیگرسوشل اکنامک روٹس پرپروازیں آپریٹ کرنا ہوں گی۔ دوسری جانب سی اے اے نے نئی قو می ہوا بازی کی پالیسی 2021 کی تیاری مکمل کر لی ، مذکورہ پالیسی وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ترتیب دی گئی ہے ۔ نئی پالیسی سے ہوابازی صنعت کو فروغ اور ائیرلائنز کو سہولت میسر ہوگی، ایوی ایشن پالیسی 2019 میں ردوبدل کا ٹاسک ڈائریکٹرایئر ٹرانسپورٹ کو دیا گیا ہے ۔ ایوی ایشن پالیسی 2021 وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی اور وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد نئی پالیسی پر عمل درآمد ہوگا،سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آرآئی لائسنس متعارف کرائے گئے تھے ۔ادھر قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) نے ڈیڑھ سال بعد اسلام آباد اور چترال کے درمیان فضائی سروس بحال کردی، چترال کیلئے یکطرفہ کرایہ 5 ہزار 920 روپے ہوگا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چترال کیلئے ہفتہ وار2پروازیں چلائی جائیں گی، چترال سیکٹر پر پروازیں شروع کرنے سے سیاحت کوفروغ ملے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے کراچی سے سیالکوٹ کیلئے مزید 2پروازوں کا اضافہ کرد یا جس سے مسافروں اور تاجروں کو بھی سہولت ملے گی۔ یکطرفہ کرایہ 7ہزرار500 روپے مقر ر کردیا گیا ہے ۔