اسلام آباد،کراچی (وقائع نگار،این این آئی)قومی ایئر لائن(پی آئی اے ) نے اصلاحاتی پروگرام پر عملدر آمد کرتے ہوئے سعودی عرب کیلئے پروازوں میں مزید اضافے کااعلان کردیا ہے ۔ قومی ایئرلائن کے ذرائع نے بتایاکہ پی آئی اے پشاورسے دمام کیلئے پروازوں کاآغازکررہی ہے جبکہ جدہ اورمدینہ منورہ کیلئے بھی قومی ایئر لائن پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز19ستمبر کو پشاور سے دمام کیلئے روانہ ہوگی جس کے بعد پی آئی اے کی دمام کیلئے پروازوں کی مجموعی تعداد9ہوجائے گی۔جدہ کیلئے 35پروازیں آپریٹ کر رہی ہے جن میں اضافہ کرکے ان کی تعداد کو 42 تک لے جایا جائے گا۔ دریں اثنا پی آئی اے کے فلیٹ میں مزید 7 طیارے شامل کرنے اور مزید نئے روٹس میں اضافے کافیصلہ کرلیا ، بیڑے میں مزید طیارے شامل ہونے سے تعداد 37ہوجائے گی۔