مکرمی!پھل کی مکھیاں پھلوں اور سبزیوں کو نقصان پہنچاتی ہیں جس کی وجہ سے پیداوار میں 90فیصدتک کمی ہو جاتی ہے۔ پنجاب میں پھل کی مکھی کی چار اقسام پائی جاتی ہیں اوریئنٹل پھل کی مکھی،آڑو کی مکھی ،خربوزہ کی مکھی اوربیر کی مکھی۔تمام مکھیوں کا دوران زندگی تقریبا ایک جیسا ہوتا ہے۔مارچ سے لے کر نومبر تک ان کی تعدادزیادہ ہوتی ہے۔مادہ مکھی پھل کے چھلکے میں انڈے دینے والی سوئی چبھو کر بھورے سفید رنگ کے انڈے دیتی ہے۔کچھ دنوں کے بعد ان انڈوں میں سے سفید اور لمبوتری سنڈیاں نکل آتی ہیں جوگودے میں داخل ہو کر اسے کھاتی ہیں۔جب یہ سنڈیاں پورے قد کی ہو جاتی ہیں تو پھل کے چھلکے میں سوراخ کر کے با ہر نکل آتی ہیں اور زمین پر گر جاتی ہیں بعدازاں یہ سنڈیاں زمین میں داخل ہو کر کو یا کی شکل میں تبدیل ہو جا تی ہیں۔ کو یا سے پر دار مکھیاں نکل کر زمین سے با ہر آجاتی ہیں اور اس طرح اس کیڑے کی افزائش نسل جاری رہتی ہے اوریئنٹل مکھی آم، سنگترہ، مالٹا، گریپ فروٹ، چکوترہ،لیموں، سیب، خوبانی، انار، کیلا، آلوبخارا، جاپانی پھل اورامرودکو نقصا ن پہنچا تی ہے۔ خربوزہ کی مکھی کے نر کے لئے Cue Lureکشش رکھتا ہے اس لئے سبزیوں میں Cue Lure والے پھندے استعمال کئے جائیں۔ Cue Lureکی مقدار 95فیصداور سپینوسیڈ کا 5فیصد محلول تیار کیا جائے۔ اس محلول میں سے1سے2ملی لٹر روئی پر لگا کر پھندے کے اندر ڈال دیا جائے اورایک ایکڑ میں پانچ پھندے لٹکا دئیے جائیں۔ہر 15سے 20دن کے بعد اس روئی پر1سے2ملی لٹر محلول دوبارہ ڈال دیا جائے۔ مادہ مکھیوں کوانڈے دینے کیلئے پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے۔ پروٹین ہائیڈرو لائی سیٹ کی قلیل مقدار بھی مادہ مکھی کو بہت زیادہ کھینچتی ہے۔ ایک پودے پر غیر ثمر آور شاخوں کے تقریباً ایک مربع میٹر رقبہ پر 100 ملی لٹر محلول سپرے کیا جاتاہے۔ یہ سپرے ہینڈسپریئر اور فلیٹ فین نوزل کے ذریعے کیا جاتا ہے۔آم کے باغات میں اس محلول کاہر دس دن کے وقفہ سے پھل کی توڑائی تک سپرے جاری رکھنا ضروری ہے جبکہ ترشاوہ باغات میں 10 دن کے وقفہ سے جولائی سے دسمبراور فروری سے اپریل تک کیا جاتا ہے۔ ضروری ہے کہ باغ یا کھیت میں زمین پر گر ے ہوئے متا ثرہ پھلوں اور سبزیوں کوہر دوسرے دن اکٹھا کرکے زمین میں کم از کم 2 فٹ گہر اگڑھا کھود کر دبا دیا جائے۔تیا ر شدہ پھل اور سبزی کو جلد ی تو ڑ لیں اور جنسی پھندے لگا کر مکھیوں کو تلف کریں۔چنائی کے بعد پھل کو 60 منٹ کے لئے 5 فیصد نمک کے محلول میں رکھیں جس سے پھل کی مکھی کے انڈے مر جائیں گے۔ (نویدعصمت کاہلوں )