برسبین ( سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے برسبین پہنچ گئی۔ کھلاڑیوں نے گزشتہ روز مکمل آرام کیا۔آج میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دونوں ٹور میچ بے نتیجہ ختم ہو گئے تھے ۔ ٹیسٹ کا امتحان21 نومبر سے شروع ہوگا۔ بابر اعظم نے ٹیسٹ میچز میں بھی اچھی پرفارمنس دکھانے پر نظریں جما لی ہیں جبکہ کپتان اظہر علی بھی نوجوان کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے باعث جیت کیلئے پرعزم ہیں۔ اظہر الیون آج سے برسبین میں پریکٹس کا آغاز کرے گی۔ آسٹریلیا اے کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹور میچ تو بے نتیجہ رہے لیکن قومی کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور باؤلنگ میں اچھی پرفارمنس نے اچھی امیدیں دلا دی ہیں۔ قومی ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ پریکٹس میچز میں کارکردگی شاندار رہی، امید ہے بڑے امتحان میں بھی سب ایسے ہی پاس ہوں گے ۔ پرتھ پر کھیلے گئے دوسرے پریکٹس میچ میں بھی قومی کھلاڑی فل فارم میں نظر آئے ۔ بخار کا شکار اظہر علی کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دینے والے اسد شفیق کی سنچری کی بدولت تین سو چھیاسی رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔جواب میں میزبان آسٹریلیا الیون کا آغاز مایوس کن تھا ۔ محمد عباس اور محمد موسیٰ نے دو دو جبکہ کاشف بھٹی، یاسر شاہ اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21سے 25نومبر تک کھیلا جائیگا ۔شیڈول کے مطابق دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔