اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پلاٹ الاٹمنٹس کیس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ 7 بیورو کریٹس کو بھی جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ عدالت نے سی ڈی اے سے آئوٹ آف ٹرن پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق ریکارڈ بھی طلب بھی کر لیا اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے نوٹیفکیشن معطلی کی درخواست پر بھی فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی نے آئوٹ آف ٹرن پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق سابق سیکرٹری ابو عاکف کی درخواست کی سماعت کی تو سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، سابق سیکرٹری شفقت جلیل کا جواب داخل کرایا گیا جبکہ اعظم خان کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے انہیں دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے ۔ درخواست گزار کے وکیل منور اقبال دگل نے کہا کہ افسران کو آئوٹ آف ٹرن لسٹ کے نیچے نمبرز سے اٹھا کر پلاٹ الاٹ کئے گئے ۔ہائوسنگ فائونڈیشن میں رولز کے مطابق عمر اور تجربے کی بنیاد پر پلاٹ الاٹ کیا جاتا ہے ۔ درخواستگزار ابو احمد عاکف گریڈ 22 میں ریٹائرڈ ہوئے لیکن انہیں ڈویلپ پلاٹ نہیں دیا گیا۔ عدالت نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سمیت 7 بیوروکریٹس کو جواب جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔