لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈیپارٹمنٹل سٹور پر پولی تھین بیگر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے بعد ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر پلاسٹک بیگز نظر نہیں آنے چاہئیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ابوزر سلمان خان نیازی کی درخواست پر سماعت کی جس میں پولی تھین بیگز کے استعمال کو چیلنج کیا گیا اور نشاندہی کی گئی کہ محکمہ ماحولیات نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا،عدالت نے پلاسٹک بیگز مینوفیکچررزکی درخواست میں فریق بننے کی استدعا مسترد کرکے قرار دیا پلاسٹک بیگز زہر بنتے جارہے ہیں، سمندر ختم ہو رہے ہیں،مزید سماعت 28 فروری کو ہوگی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے گاڑیوں کے ایندھن میں یورو 4 اور یورو 5 ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے مہلت دے دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے امتحانات میں بار کا 40 فیصدکوٹہ مختص نہ کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت سے معذوری ظاہر کرکے درخواستیں چیف جسٹس کو بھجوا دیں جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیئے میں ایگزامینیشن کمیٹی کا ممبر ہوں، مناسب نہیں خود درخواستوں پر سماعت کروں۔