لاہور(عثمان علی)محکمہ ماحولیات کی جانب سے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے شہر کے تمام بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز،بیکرزاور ہول سیل ڈیلرز کے حوالے سے فہرست مرتب کرنے کیلئے سروے کا آغاز کر دیا گیاجس کی مکمل تفصیلات اکھٹی کر کے عدالت میں جمع کرائی جا ئے گی۔ اس حوالے سے پہلے مرتب کی جانے والی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ شہر کے بیشتر سٹورز پر پلاسٹک بیگز پابندی پرعمل درآمد نہیں کیا جاتاہے جبکہ کء سٹورز پر توجزوی طور پر ہورہا ہے اور شہر میں چند سٹورز ہی ایسے ہیں جن پر پلاسٹک بیگز پر پابندی کے احکامات کو یقینی بنایا گیاتھا۔ رپورٹ کے بعدبڑے سٹورز کی جانب سے مزید وقت مانگا گیا تھا جس کے ختم ہونے کے بعد پھر سے ان سٹورز کا سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیلئے شہر کے تمام بڑے سٹورز کو کہا گیا تھا کہ وہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پلاسٹک بیگز میں اشیائے ضروریہ کی فروخت کو بند کریں اور اس کے متبادل کاٹن یا پھر کاغذ کے بیگز استعمال کریں اوراس کیلئے ان کو وقت بھی دیا گیا تھا اب جبکہ دیا گیا وقت ختم ہوگیا ہے توسروے کا آغاز کرتے ہوئے ایسے بڑے سٹورز جو احکامات پر عمل کر رہے ہیں یا نہیں کر رہے ہیں ان کی فہرست عدالت میں جمع کر ائی جائے گی۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پہلے مرحلے میں شہر کے تمام بڑے سٹورز پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے احکاما ت جاری کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ ان احکامات کے بارے میں ان کو آگاہ کریں اور عمل درآمد رپورٹ جمع کرائے ۔