لاہور/کراچی (نیوزرپورٹر،این این آئی) عید الاضحی کے موقع اتوار کو پہلی عید سپیشل ریلوے ٹرین 960 مسافروں کو لیکرکراچی سے پشاور کے لئے روانہ ہوگئی۔ٹرین حیدرآباد، رحیم یارخان، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات ساڑھے 10 بجے پشاور کینٹ سٹیشن پہنچے گی۔ڈی سی اوریلوے اسحاق بلوچ کے مطابق ٹرین سے محکمے کو 13 لاکھ روپے آمدنی ہوئی ہے ۔پاکستان ریلوے کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں ، معمر افراد کو عید کے پہلے اور دوسرے روز مفت سفر کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے ۔دریں اثناء آئی جی ریلوے پولیس نے عید کے موقع پر ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے کے حوالے سے ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی نفری بڑھانے ،حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں اور اہم تنصیبات پر کمانڈوز کی تعیناتی ، مسافروں کی میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی اور واک تھرو گیٹ لگانے کی ہدایت کر دی ، ٹرینوں کی روانگی سے قبل تمام ریک کی مکمل تلاشی لینے کے بعد ٹرین کو پلیٹ فارم پر لایا جائے گا، تمام ایس پیز عید کی چھٹیوں میں کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے ۔