اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اخترمینگل نے کہاہے یہ پہلے الیکشن نہیں جن پر سوالیہ نشان لگائے گئے ہیں،دھاندلی کی شکایات پرکمیشن بنایاجائے ۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمیں اب بیٹھ کر قومی ایجنڈا طے کرنا ہے جس کے لیے آزاد اور خود مختار پارلیمنٹ،عدلیہ اور میڈیا ضروری ہے ۔ بلوچستان میں لاپتہ افراد کی تعداد پانچ ہزار ہے جن کا رونا پانچ سال سے رو رہے ہیں، میں خود 40 سال سے بھائی کی لاش تلاش کر رہا ہوں جو اب تک نہیں ملی، بلوچستان کو 70 سالوں سے پاکستان کے ساتھ چلانے کی کوشش نہیں کی گئی،خدا کے لیے اب بلوچستان پر رحم کیا جائے ،میں ترقی کا مخالف نہیں مگر جس ترقی سے میری شناخت تبدیل ہو ایسی ترقی نہیں چاہیئے ۔ سی پیک کا بڑا چرچہ ہے مگرگوادر میں پینے کا پانی نہیں،ایران سے آنے والی بجلی منقطع ہونے سے وہاں اب بجلی بھی نہیں،گوادر میں چولہے لکڑیوں سے جل رہے ہیں،بلوچستان میں 18000 آسامیاں خالی ہیں مگر پُر نہیں کی جا رہیں۔