لاہور (وقائع نگار،92 نیوزرپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کے حوالے سے قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں چودھری پرویزالہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے جامع پلان بنایا ہے ۔ مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر میں آگے بڑھتے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سینئر سیاستدان سلیم بریار اور ایم پی اے احسن سلیم بریار نے ملاقات کی۔ عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر انہوں نے کہا صوبہ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیرمونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اورعالمی بینک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی وانفراسٹرکچر سیکٹرز کی بہتری کے پروگرام پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 35ملین ڈالر کو پنجاب احساس پروگرام سے لنک کر کے سیلاب زدگان میں تقسیم کریں گے ۔عالمی بینک کے ساتھ شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم پالیسیاں بنا کر تیزی سے آگے کی جانب بڑھیں گے ۔ عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، تعلیم،صحت،فیملی پلاننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کر ا دی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک وارڈنز او رہائی وے پٹرولنگ پولیس کیلئے خصوصی ا لاؤنس کی منظوری دے دی ہے ۔پرویز الٰہی نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں 142 آسامیوں پربھی بھرتی کی منظوری دے دی ، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے گریڈ 1 سے گریڈ 19تک کے ملازمین کے لئے خصوصی الاؤنس کی بھی منظوری دے دی ۔اقلیتوں کے لئے مختلف محکموں میں 19ہزارمنظورشدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک 24ہزار سے زائد نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی گئی۔چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک مرحلہ وار 5ہزارنئی آسامیوں پربتدریج بھرتی کی جائے گی۔ گرانٹ ان ایڈ اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نائب قاصد کے 4سالہ بیٹے کے علاج کے لئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ پنجاب نان فارمل ایجوکیشن پراجیکٹ کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کو ا پ گریڈ کیاجائے گا۔گورنمنٹ کالج میں گرلز ہوسٹل کے لئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔ صوبہ بھر میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔