لاہور(گوہر علی) پنجاب اسمبلی کے 17ستمبر کے اجلاس میں نجی اراکین کے 4 بلز اور8 قراردادیں منظوری کیلئے پیش کرنے کافیصلہ کرلیاگیا،شیشہ نوشی، کرسٹل آئس کی فروخت پرپابندی، پولی تھین بیگ کی تیاری اورفروخت پر پابندی سمیت اہم بلز ایجنڈے پررکھے گئے ہیں،بزرگ شہریوں کوسرکاری بسوں میں کرایہ سے استثنیٰ، کھادوں کی قیمت میں اضافہ واپس لینے ،جان لیوابیماری کیلئے بغیر ڈیوٹی ادویات کی درآمد کے متعلق سمیت دیگر مفاد عامہ کی اہم قرارداد یں 17ستمبرکے ایجنڈے پررکھ لی گئی ہیں، 17ستمبر کے اجلاس میں چاروں بلز خواتین کے تیار کردہ ہیں،ان چاروں میں بلزمیں سے ایک بلزبھی کسی مردرکن کانہیں ہے ، اسی طرح 8 میں سے بھی 5قراردادیں خواتین اراکین اور3مرداراکین کی ہیں، ایجنڈے پر سیماب طاہرکا دی پنجاب پروبیشن آف شیشہ سموکنگ ،یوز اینڈسیل آف دی کرسٹل آئس ،مسرت چیمہ کا دی پنجاب کریمنل لائ( ترمیمی) بل، شمیم آفتاب کا دی پنجاب رسٹرکشن آن مینوفیکچر سے لیوزاینڈ امپورٹ آف پولی تھین بیگز بل، سعدیہ سہیل راناکا دی پنجاب موٹر وہیکلز ( ترمیمی ) بل2019شامل ہیں، 17ستمبر بروزمنگل کے اجلاس کا ایجنڈا 16ستمبر بروز پیر اراکین اسمبلی کو فراہم کیاجائے گا،ان 8قراردوں میں پہلی قرارداد شاہدہ احمد کی بزرگوں کوکرایہ میں استثنیٰ،دوسری منیب الحق کی ہے جس میں کھادیں سستی کرنے ،تیسری منیب سلطان چیمہ کی جس میں یکساں تعلیمی نصاب ، چوتھی مسرت جمشید کی جس میں ادویات ،دودھ وغیرہ کی پیکنگ پر بغیر اردو تحریر درآمد کرنے کی اجازت ،پانچویں حنا پرویز بٹ کی میت گھر لے جانے کی سہولیات پیدا کرنے ،چھٹی صفدر شاکر کی جس میں کسانوں کے مطالبات تسلیم ، ساتویں ربیعہ نصرت کی جس میں واٹر پلانٹس کی صفائی ، آٹھویں قراردادمیں سعدیہ سہیل رانانے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں مارننگ اسمبلی منعقدکرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔