فیصل آباد(راناافتخارخاں) نیا پاکستان میں بھی پنجاب اسمبلی کے ارکان اجلاسوںمیں شرکت کو غیر ضروری سمجھنے لگے ۔ 15 اگست 2018سے ہونے والے پنجاب اسمبلی کے پانچ سیشنز کے 21 اجلاسوں میں فیصل آباد سے کوئی رکن صوبائی اسمبلی بھی تمام اجلاس میں نہ پہنچ سکا۔ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے ہونے والے اجلاسوں میں ہی فیصل آباد کے تمام ارکان موجود تھے ۔ جس کے بعد فیصل آباد سے تینوں صوبائی وزرا اجمل چیمہ، چوہدری ظہیر الدین، حافظ ممتاز احمد، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ملک عمر فاروق اور مسلم لیگ (ن) کے رکن میاں اجمل آصف دیگر 18 اجلاسوں میں سے کسی میں بھی شریک نہیں ہوئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے زیادہ تر ارکان اسمبلی نے اپوزیشن کی ضرورت محسوس نہ کرتے ہوئے اسمبلی اجلاسوں سے پرہیز ہی رکھا۔