لاہور(گوہر علی)اپوزیشن نے خصوصی کمیٹی 3 کے منظور کردہ د و بلز کو ایوان سے واپس سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی طرف سے تحریری طو رپر دی گئی آئینی ترامیم میں ’’دی پنجاب اکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ‘‘ اور ’’دی نمل انسٹی ٹیوٹ میاں والی‘‘ بل کو ایوان سے منظوری سے قبل سلیکٹ کمیٹی سے منظور کرانے کا کہا گیا ہے جبکہ اپوزیشن کے اس مطالبہ پر ایوان میں بحث ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کا یہ مطالبہ بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اپوزیشن نے اپنے مطالبہ میں کہا ہے کہ دونوں بلز کی پنجاب اسمبلی سے منظوری 31مارچ تک موخر کی جائے اور ان دونوں بلز پر عوامی رائے حاصل کی جائے اور ان بلز کی تشہیر کی جائے ۔ اپوزیشن نے سلیکٹ کمیٹی کے نام بھی تجویز کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ان دونوں بلز کو ایوان میں منظوری کے لئے پیش کئے جانے کے موقع پر بھر پور بحث کرے گی، جن ارکان کے نام ان تحریری ترامیم میں شامل ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیاری کرکے بحث میں حصہ لیں۔