لاہور ( خبرنگارخصوصی )پنجاب اسمبلی میں نوازشریف کے علاج کے حوالے سے سپیکر نے رولنگ دی کہ نواز شریف کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں۔سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ایجوکیشن کی عدم موجودگی پر اراکین کے علاوہ سپیکر پرویز الٰہی بھی برہم ہو گئے ، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 25 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔وقفہ سوالات میں محکمہ مال و کالونیز کے جوابات متعلقہ وزیر ملک انور نے جوابات دئیے ، پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار سیکرٹری فنانس کی عدم موجودگی پر پری بجٹ پر بحث نہ ہوسکی،سپیکر نے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کو سیکرٹری کی عدم موجودگی میں بحث کا آغاز کرنے سے روک دیا۔سپیکر نے اراکین پنجاب اسمبلی کو پرانے طریقہ کار کے مطابق ادویات فراہم کرنے کی ہدایت پر وزیر صحت یاسمین راشد نے اراکین اسمبلی کو پرانے طریقہ کار کے مطابق ادویات کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں افسر شاہی کے غیر سنجیدہ رویے کے خلاف سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سخت برہم ہو گئے ، سپیکر نے وزیر قانون بشارت راجہ کو اس ضمن میں سخت نوٹس لینے کی ہدایت کردی۔ پی ٹی آئی رکن اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے جانوروں اور پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف تحریک التوائے کارجمع کرادی۔بعدازاں سپیکر چودھری پرویز الہی نے سیکرٹری فنانس کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس آج صبح 9 بجے تک ملتوی کردیا۔