لاہور/پشاور (سٹاف رپورٹر،نمائندگان 92 نیوز) لاہور ،شیخوپورہ ،سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی شہروں سمیت پشاور ، مانسہرہ،صوابی، کرک ، کوہاٹ میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔لاہورمیں گزشتہ روز بعد دوپہر ہونے والی طوفانی بارش نے لیسکو کا ترسیلی نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا، بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہنے کے باعث بحالی کے کام میں تاخیر ہوئی ۔ بعد دوپہر ہونے والی بارش سے لیسکو کے 78فیڈرز اور 7 گرڈز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے پشاور،چارسدہ،تنگی،مردان، اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارشوں کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا، چارسدہ کے علاقہ مفتی آباد خورے کورونہ میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اوراس کے دو بھائی شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔ پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی بارشوں کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گیا ۔نوشہرہ کے علاقے پبی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے کئی دیہات بھی زیر آب آگئے ، پانی گھروں میں داخل ہوگیا ،متعدد مکانوں کی چھتیں گرنے سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ۔صوابی میں مسلسل 8گھنٹے تیز بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔شانگلہ کی تحصیل پورن کے مرکزی بازار الوچ میں مینگورہ بس سٹینڈ کے قریب واقع مارکیٹ پرآسمانی بجلی گرنے سے پوری مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی 4 دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں ،9دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ،دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔دریں اثنا الیکشن کے روزبھی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے اتوار کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان ، پشاور، کوہاٹ میں بارش کا امکان۔راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا میں کہیں کہیں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب سب سے زیادہ بارش پشاور میں 56ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چراٹ میں 53، رسالپور میں 51، اپر دیر میں 47اور سیدو شریف سوات میں 26، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔