لاہور(انور حسین سمرائ) صوبائی حکومت نے ارکان اسمبلی اور افسروں کی طرف سے پنجاب ہائوسزکا بے جا استعمال اور کمروں پر غیر قانونی قبضے روکنے کیلئے کرایوں میں 3سو فیصد اضافہ کردیا جبکہ نئے ریٹس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری سے صوبائی محکمہ مواصلات و تعمیرات نے پنجاب ہائوس اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور کراچی میں ارکان اسمبلی اور افسروں کیلئے سنگل روم کا یومیہ کرایہ 500سے بڑھا کر 2ہزار کردیا ہے اور چھ ماہ تک فی ماہ کرایہ 20ہزار مختص کردیا گیا ہے اور اس عرصہ کے بعد فی یوم 2 ہزار کرایہ اضافی لیا جائیگا۔ عام شہریوں کیلئے سنگل روم کا کرایہ 2 ہزار فی یوم سے بڑھا کر 3500 فی یوم ، چھ ماہ کیلئے 30 ہزار اور چھ ماہ بعد فی یوم 3500 روپے اضافی کرایہ مختص کیا گیا ہے ۔ ان ریسٹ ہائوسز میں ڈبل روم کا کرایہ ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری افسروں کیلئے 800 روپے فی یوم سے بڑھا کر 4ہزار کردیا گیا جبکہ چھ ماہ کیلئے رہائش رکھنے پر 25ہزار کرایہ فی ماہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ چھ ماہ بعد 3ہزار فی یوم کرایہ چارج کیا جائیگا۔عام شہریوں کیلئے ڈبل روم کا کرایہ 3500 سے بڑھا کر 5ہزار کردیا گیا ہے جبکہ چھ ماہ کیلئے 35ہزار فی ماہ کرایہ مختص کیا گیا اور چھ ماہ کے بعد فی یوم کرایہ 3500 اضافی لیا جائیگا۔ تمام صوبائی سیکرٹریز، چیف انجینئرز اوردیگر کو بذریعہ حکم نامہ ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں اور کرایہ متعلقہ افسروں و ارکان اسمبلی نقدی کی صورت میں جمع کرائیں گے ۔