لاہور، ملتان، سیالکوٹ ، گجرات ، فیصل آباد، پشاور ( جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز، خصوصی رپورٹر ، خبر نگار) پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر آٹھویں روز بھی ہڑتال کی گئی، ٹیچنگ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز اور لیبارٹریوں میں کام بند ہونے سے علاج بدترین تعطل سے دوچارہے ، وائے ڈی اے کی ہڑتال کے باعث مریض اور لواحقین خوار ہوگئے ، گرینڈ الائنس نے 21 اکتوبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کااعلان کردیا، مظاہرین نے کہا مذاکرات صرف اسی صورت میں ہوں گے جب ایم ٹی آئی ایکٹ پنجاب اسمبلی سے واپس بلایا جائے ، وزیر اعلی پنجاب اور سپیکر پنجاب کی قائم کردہ کمیٹی سے ہی مذاکرات ہوں گے ، درجنوں مریضوں کے آپریشن ملتوی کردئیے گئے ہیں، پنجاب بھر کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں گزشتہ روز بھی ہڑتال کی گئی، ملتان میں نشتر ہسپتال اور چلڈرن کمپلیکس میں آئوٹ ڈور ،آپریشن تھیٹر،ریڈیالوجی اور پتھالوجی میں ہڑتال رہی، مریض بھی ڈاکٹروں اور عملہ کے ساتھ مظاہرے میں شریک ہوئے ،گجرات اور سیالکوٹ میں بھی ڈاکٹرو ں اور عملہ نے ہڑتال کی، فیصل آباد میں ڈی ایچ کیو اور الائیڈ ہسپتال کی او پی ڈیز،آپریشن تھیٹر،لیب ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹس بندکر دیئے تھے ، لاہور میں انتظامیہ ا و پی ڈی کو فعال رکھنے کیلئے سینئر ڈاکٹرز ذریعے کوشاں رہی ، میو ہسپتال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا ناکام ڈاکٹر کو وزیر صحت لگا کر اس شعبے کو تباہ کر دیا گیا ، گرینڈ ہیلتھ الائنس ان کی این جی او کو ملنے والی گرانٹ کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتی ہے ، وزیر صحت سنٹرل پارک ہسپتال میں کام اور پرائیویٹ پریکٹس کر رہی ہیں ، پیر سے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں بھی ہڑتال کریں گے ، دوسری طرف سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کا معاملہ پر ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف انکوائریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ، جناح ہسپتال میں زبردستی او پی ڈی بند کرانے پر صدر وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر قاسم اعوان اور ، چئیرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، ڈاکٹر شاہد علی میڈیکل آفیسر جناح ہسپتال کے خلاف پیڈ اایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرز اور نرسوں کی فہرستیں تیار ھونا شروع ھو گئی ہیں، او پی ڈی اور آپریشن تھیٹر بند کرنے میں پیش پیش ڈاکٹروں اور نرسوں کو سرکاری نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ینگ ڈاکٹرز کیخلاف تشدد کا راستہ اپنانے پر محکمانہ کارروائی کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے ، ذرائع کے مطابق 3 روز میں ڈاکٹرز کی گرفتاریوں کا امکان ہے ، دریں اثنا محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک کی بنیا د پر کام کرنے والے 50سال تک کی عمر کے مردڈاکٹروں اور 53سال سے او پر والی خواتین ڈاکٹروں کو فارغ کیا جائے گا۔ پشاور میں ایل آر ایچ کے ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر طارق برکی کو احتجاجی ڈاکٹروں نے حملہ کرکے زخمی کردیا، حملہ آوروں نے طارق برکی کی گاڑ ی روک کر اس کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زخمی کردیا، گرینڈ ہیلتھ الائنس رہنمائوں کا کہنا تھا گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ڈاکٹروں پر فائرنگ اور قاتلانہ حملہ کیا گیا، ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر نے ڈاکٹروں پر فائرنگ کی۔