لاہور(کر ائم رپورٹر )لاہور سمیت صوبہ بھر کے تھانوں میں نصب کیمرے علامتی نکلے ، لاہورسمیت پنجاب بھر کے ایس ایچ اوز کے کمروں اورحوالات میں نصب کیمروں کا بیک اپ ہی موجود نہیں۔ ذرائع کے مطابق کیمروں کو متعلقہ ضلع کے سسٹم کیساتھ منسلک ہی نہیں کیا گیا، متعلقہ برانچ نے تمام ڈی پی اوزکو15 روزکا بیک اپ رکھنے کا مراسلہ جاری کردیا۔ دریں اثنا ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے تھانہ اکبری گیٹ کی حوالات کے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ محفوظ نہ ہونے کی پاداش میں غفلت کے مرتکب07 افسران واہلکاروں کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا، معطل ہونے والے ان سات افسران و اہلکاروں میں ٹرینی اے ایس آئی عدیل اشرف، ہیڈ کانسٹیبل خالد حسین، کانسٹیبلز عرفان مجید، مجاہد حسین اور اصغر علی جبکہ محرر ہیڈ کانسٹیبل محمد اعجاز اور نائٹ محرر ہیڈ کانسٹیبل نصیر احمد شامل ہیں۔ مزید برآں ایس ایچ او اکبری گیٹ انسپکٹر ظہیر الدین کو شوکاز نوٹس اور ڈی ایس پی نولکھا سرکل وقار الحق کو جواب طلبی کا مراسلہ جاری کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔