لاہور (جنرل رپورٹر) پنجاب حکومت نے 15 جولائی سے ایجوکیشن اکیڈمیز کھولنے کا عندیہ دیدیا ۔آل پاکستان ایجوکیشنل اکیڈمیز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا عنصر محمود کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز حکومتی عہدیداران سے مذاکرات کیے جس میں محکمہ تعلیم ، ایڈمنسٹریٹر افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عہدیدار شامل تھے ۔ آل پاکستان ایجوکیشنل اکیڈمیز ایسوسی ایشن کی جانب سے طلبہ کی تعلیم کے حرج اور اکیڈمیز کے مالی بحران اور اساتذہ کے مسائل کے حوالے سے بتایا گیا کہ مخصوص ایس او پیز کے تحت اکیڈمیز کھولنے کی اجازت دی جائے جس سے اتفاق کرتے ہوئے حکومتی عہدیداروں نے ایس او پیز اور سفارشات تیار کرکے دینے پر اتفاق کیا۔ ان ایس او پیز اورسفارشات کو وزیر اعلی سے منظور کرایا جائے گا جن کی روشنی میں 15 جولائی کو مشروط طور پر اکیڈمیز کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ ادھر کورونا وائرس کے باعث سرکاری سکولوں میں ایل این ڈی ٹیسٹ اور بائیومیڑک حاضری پر پابندی میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے پابندی اکتیس مارچ 2022 تک برقرار رہے گی۔ گورنمنٹ سکولوں میں تیسری جماعت کا ٹیب پرایل این ڈی ٹیسٹ بھی نہیں لیا جائے گا۔ سرکاری سکولوں میں طلباء کی آن لائن حاضری بھی نہیں ہوا کرے گی۔