وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 65سال کے بزرگ خواتین اور مردوں کو 2ہزار روپے ماہانہ معاونت فراہم کرنے کے لئے باہمت بزرگ پروگرام کے آغاز کی تقریب کے دوران کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کا جو تصور دیا ہم اس کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ مہذب معاشروں میں بزرگوں کی رہائش خوراک اور صحت کی ذمہ داری ریاست اٹھاتی ہے۔ اس مقصد کے لئے بزرگوں کو مناسب وظیفہ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی باقی ماندہ زندگی کسی قسم کی محتاجی کے بغیر سکون سے گزار سکیں۔ پاکستان میں خاندانی نظام کی گرفت کمزور ہونے اور غربت میں اضافے کی وجہ سے بزرگوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں یہاں تک کہ بڑے شہروں میں اولڈ ہائوسز کے رجحان میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی وجہ معاشی مسائل کے باعث اولاد کا اپنے والدین کو نظرانداز کرنا ہے۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ بزرگ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے بیماری میں دوا تک نہیں خرید پاتے ہیں۔ ان حالات میں پنجاب حکومت کی طرف سے 65سال سے زیادہ بزرگ خواتین اور مرد حضرات کے لئے 2ہزار روپے مالی معاونت خوش آئند اور دوسرے صوبوں کے لئے قابل تقلید اقدام ہے یقینا اس رقم سے بزرگوں کے مسائل میں کمی ہو گی۔ بہتر ہو گا حکومت بزرگوں کو صحت کارڈ کی سوفیصد سہولت کے ساتھ مالی مدد کی رقم میں بھی مزید اضافہ کرے تاکہ اپنی جوانی ملک و قوم کی تعمیر ترقی میں صرف کرنے والے بزرگ اطمینان سے بڑھاپا گزار سکیں۔