لاہور( سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں دفعہ 144کے نفاذ، لاک ڈاؤن اورکورونا وائرس کے متعلق حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے ، ڈی پی اوز کی زیر نگرانی پولیس ٹیمیں محکمہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہی ہیں، کورونا سے بچاؤ سے آگاہی کے ساتھ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزراور دیگر ضروری سامان و اشیاء ذخیرہ کرکے زیادہ منافع کی لالچ میں مہنگے داموں فروخت کرنے والے سفاک ذخیرہ اندوزوں کو پابند سلاسل کیا جارہا ہے ۔ 16 مارچ سے صوبے کے تمام اضلاع میں دفعہ144کی خلاف ورزی پر پولیس ٹیموں نے 28مارچ تک 4845مقدمات کا اندرج کیا، خلاف ورزی کرنے والے 9015افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 3274گرفتار،اور 565کووارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ، اسی طرح پرائس کنٹرول اورذخیرہ اندوزی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کاروائیوں کے دوران پولیس ٹیموں نے 132مقدمات درج کئے اور141ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو قانون شکنوں کے خلاف کاروائی میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے ۔ کرونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کیلئے دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت چار سے زیادہ افراد ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے ، لاہور میں پولیس نے دفعہ 144 پر عمل درآمد کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں اور ہفتہ کے روز حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 33 ہزار 571 افراد کو وارننگ جاری کی، پولیس نے ایک ہزار 394 افراد سے آئندہ پابندی پر عمل درآمد کے حلف نامے لئے ، ترجمان لاہور پولیس نے بتایا تنبیہ کے باوجود گھروں سے باہر آنے والے 403 افراد کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے ، سی سی پی او ذوالفقار حمید کی ہدایت پر لاہور میں 229 پولیس ناکے لگائے گئے ، ناکوں پر 35 ہزار 376 افراد کی چیکنگ کی گئی، 15 ہزار 56 موٹر سائیکلوں ، 4 ہزار 262 رکشوں، 4 ہزار 75 کاروں اور 557 ٹیکسیوں کو چیک کیا گیا اور مجموعی طور پر 25 ہزار 632 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، سی سی پی او نے خبردار کیا بلا وجہ گھروں سے باہر آنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ہفتہ کے روز دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر راولپنڈی سے 32 افراد کو گرفتار کیا گیا۔